انچیون (جیوڈیسک) ہاکی کے میدان میں ایشیا کی دو بڑی ٹیمیں پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گی اور جو جیتے گا گولڈ میڈل کے ساتھ ساتھ 2016 اولمپکس کا ٹکٹ بھی اسی کا ہوگا۔ پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک میں دم توڑتی ہاکی میں نئی جان ڈال دی ہے، شاہینوں نے پہلے میچ میں سری لنکا کو بھاری مارجن سے ہرا کر اپنے اعزاز کے دفاع کا شاندار آغاز کیا، گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو بھی سخت مقابلے کے بعد ہرایا جبکہ سیمی فائنل میں ملائشیا کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دی اور اب فائنل میں ایک بار پھر دو روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے گولڈ میڈل جیتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم فارم میں ہے اور اچھا کھیل پیش کر رہی ہے جس کے باعث فائنل میں جیت کے امکانات روشن ہیں جبکہ شکیل عباسی نے ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام لڑکے فٹ ہیں اور فائنل جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ادھر قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ٹیم پلان کے مطابق کھیلی اور اگر فائنل میں گول کرنے کے مواقع سے پورا فائدہ اٹھایا تو جیت مقدر بنے گی۔ گولڈ میڈل کی جنگ کے لئے کھیلا جانے والا میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دن کے 3 بجے شروع ہوگا۔