سیول (جیوڈیسک) جنوبی کوریا کے شہر اینچون میں ایشیائی ممالک کے درمیان کھیلوں کا میگا ایونٹ جاری ہے جس میں چین 15 سونے 11 چاندی اور 12 کانسی کے تمغوں کےساتھ پہلی پوزیشن پر کھڑا ہے جب کہ میزبان جنوبی کوریا 13 سونے، 11 چاندی اور 10 کانسی کے میڈل لے کردوسرے نمبر پر ہے، تیسری پوزیشن پر جاپان کا قبضہ ہے جس نے اب تک 7 سونے، 8 چاندی اور 11 کانسی کے تمغے حاصل کئے ہیں۔ مقابلوں کی اس دوڑ میں منگولیا چوتھے، قازقستان پانچویں، بھارت ایک سونے اور 5 کانسی کے تمغوں کے ساتھ بارہویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ابھی تک ایونٹ میں کوئی میڈل اپنے نام نہ کر سکا۔
دوسری جانب ایشین گیمز کے تیسرے روز پاکستانی ایتھلیٹس کوئی بھی تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہے، قومی کھلاڑیوں نےشوٹنگ، روئنگ،سوئمنگ اور سائیکلنگ ایونٹس میں آخری پوزیشنز لیں جبکہ جوڈو میں حسین شاہ کوارٹر فائنل میں ہار گئے اور فٹبال مقابلوں میں چین نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
سوئمنگ مینز پچاس میٹر بیک اسٹروک کی چوتھی ہیٹ میں پاکستان کے محمد آصف 8 سوئمرزمیں سے آخری نمبر پررہے، چین کے تیراک ژو جیایو پہلے، قازقستان کے تارابرن الیگژینڈر دوسرے تیز ترین تیراک ٹھہرے۔ مینز دو سو میٹر انفرادی میڈلے کی پہلی ہیٹ میں پاکستان کے ناصر احمد مقابلوں میں حصہ ہی نہیں لے پائے۔
ویمن سو میٹر فری اسٹائل کی پہلی ہیٹ میں پاکستان کی سوہاسانجرانی مقابلوں میں حصہ ہی نہیں لے پائیں۔ترکمانستان کی تیراک پہلی پوزیشن لے اڑی۔ ویمن 100 میٹر فری اسٹائل کی دوسری ہیٹ میں پاکستان کی اریبا شیخ نے 8 میں سے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی پچاس میٹر بٹر فلائی مقابلوں کی تیسری ہیٹ میں پاکستان کی اریبا شیخ آخری پوزیشن پر رہیں، سیمرا ناصر مقابلوں میں حصہ ہی نہیں لےپائیں جبکہ چین کی لو ینگ پہلی اور ہانگ کانک کی سزی ہانگ یو دوسرے نمبر پر رہیں۔
خواتین شوٹنگ دس میٹر رائفل کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی منہال سہیل 54 میں سے 22 ویں نمبر جبکہ نادرہ رئیس 53 ویں نمبر پر رہیں، چین کی خواتین نے پہلی 2 پوزیشنز حاصل کیں۔ روئنگ لائٹ ویٹ مینز سنگل سکلز رپشاز میں پاکستان کے عبدالرحمن چھ میں سے پانچویں نمبر پر رہے۔ مینزجوڈو کے 100 کلوگرام الیمنیشن راؤنڈ میں پاکستان کے حسین شاہ نے افغانستان کے محمد توفیق کو شکست دی۔
سائیکلنگ مینز سپرنٹ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے محمد شکیل آخری نمبر پر آئے۔ مینز ویٹ لفٹنگ 69 کلوگرام کے گروپ بی میں پاکستان کے ابو سفیان کی گیارہ کھلاڑیوں میں سے آخری پوزیشن پر رہے۔