جکارتہ (جیوڈیسک) ایشین گیمز 2018 میں پاکستان فٹبال ٹیم نے 44 سال بعد فتح اپنے نام کرتے ہوئے گروپ میچ میں نیپال کو 1-2 سے شکست دی۔
18 ویں ایشین گیمز 2018 کا رنگا رنگ میلہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ہے جہاں مختلف کھیلوں کی کیٹیگریز کے مقابلے ہو رہے ہیں۔
گروپ ڈی میں شامل پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کا پلڑا شروع سے ہی بھاری رہا لیکن میچ کے ابتدائی 11 ویں منٹ میں پاکستانی کھلاڑی شہباز یونس نے بال اپنے ہی گول پوسٹ میں پہنچاکر نیپال کو برتری دلادی۔
پاکستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 55 ویں منٹ میں محمد بلال نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا جب کہ کھیل کے 72 ویں منٹ میں صدام حسین نے گول کرکے ٹیم کو 1-2 کی سبقت دلادی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے 44 سال بعد ایشین گیمز میں فتح حاصل کی ہے جب کہ اس سے قبل 1974 میں ایران کے شہر تہران میں ہونے والی 7 ویں ایشین گیمز میں بحرین کو 1-5 سے شکست دی تھی۔
ایشین گیمز 2018 میں گرین شرٹس کو جاپان اور ویتنام سکے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا، 14 اگست کو کھیلے گئے میچ میں ویتنام نے پاکستان کو 0-3 جب کہ 16 اگست کو جاپان نے 0-4 سے شکست دی تھی۔
پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر گروپ ڈی میں پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔