اینچیون (جیوڈیسک) ایشین گیمز کے دسویں روز قومی ٹیم کے شوٹنگ، ریسلنگ اور باکسنگ سمیت چھ گیمز میں مقابلے شیڈول ہیں۔ جنوبی کوریا میں جاری کھیلوں کے مقابلوں میں مینز شوٹنگ کے سکیٹ کوالیفائنگ رائونڈ میں قومی شوٹر خرم انعام اور عثمان چاند مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔
ٹیبل ٹینس کی مختلف کیٹگری میں بھی پاکستانی اتھلیٹس مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔ مینز ریسلنگ کی فری سٹائل 86 کلو گرام کیٹگری میں محمد انعام جبکہ 74 کلوگرام ایونٹ میں محمد اسد بٹ زور آزمائی کریں گے۔
باکسنگ ایونٹ میں قومی باکسر کوارٹر فائنل رائونڈ میں ان ایکشن ہوں گے۔ کبڈی میں پاکستانی پہلوان بنگلہ دیش کی ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے کے لیے تیار ہے ۔ مینز والی بال کے پلے آف میچ میں قومی پلیئرز اور میانمار کے درمیان جوڑ پڑےگا۔
ایونٹ کے نویں روز ٹیبل ٹینس میں مینز ٹیم نے مالدیپ کے خلاف تین صفر کی فتح سمیٹی۔ قومی کبڈی کی ٹیم تھائی لینڈ پر فاتح رہی۔ والی بال نے بھی تین صفر کی فتح اپنے نام کی جبکہ باکسنگ کے دونوں مقابلوں میں محب اللہ اور عامر خان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سائیکلنگ اور ریسلنگ میں بھی قومی کھلاڑی ناکام رہے۔