ٹوکیو (جیوڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، قومی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی.
جاپان کے شہر (Kakamigahara) میں جاری ہاکی ایونٹ میں پاکستان بطور دفاعی چیمپئن اپنی شاندار پرفارمنسسز دکھا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس اپنے چوتھے میچ میں ہمسایہ اور روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اتریں۔ دونوں ٹیموں کے جارحانہ کھیل کے باعث میچ کا پہلا ہاف دو دو گول سے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں قومی شاہینوں کی جانب سے شاندار پرفارمنسسز کا مظاہرہ ہوا جس میں قومی ٹیم کو روایتی حریف ٹیم کے خلاف چار کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی سمیٹی۔ ایونٹ کی ناقابل شکست پاکستانی ٹیم نے فائنل میں بھی جگہ پکی کر لی ہے۔
قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ کل میزبان جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل دس نومبر کو شیڈول ہے۔