ٹوکیو (جیوڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی۔ قومی ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کر لی۔
جاپان کے شہر (Kakamigahara) میں جاری ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں پاکستان کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔
حریف ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں کو ناکام بناتے ہوئے قومی ٹیم نے ایک گول اسکور کر کے ایک صفر کی برتری حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول شفقت رسول نے اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ایونٹ میں ناقابل شکست پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف کل میدان میں اترے گی۔