کوالالمپور (جیوڈیسک) ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے ابتدائی روز دونوں میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
دفاعی چیمپئن قومی اسکواڈ نے ابتدائی میچ میں سنگاپور کو 3-0 سے آؤٹ کلاس کیا، دوسرے میں جنوبی کوریا کو بھی اسی مارجن سے شکست دی۔ بھارت ، ملائیشیا اور ہانگ کانگ نے بھی فتوحات سمیٹتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کو ممکن بنالیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں آغاز ہوگیا، ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پاکستان اور سنگاپور کے مابین کھیلا گیا۔
ابتدائی گیم میں پاکستان کے نمبرون کھلاڑی طیب اسلم نے پینگ کا ہوئی کو 3-1 سے مات دی، ان کی کامیابی کا اسکور 11-2،9-11،11-4اور 11-8 رہا۔ دوسرے میچ میں علی مجتبیٰ بخاری نے بینڈیکٹ چائیان کو 5-11،11-9، 11-3 اور12-10 سے شکست دی۔ تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے اسرار احمد نے چاؤ مین کو 11-5، 11-7 اور 11-8 سے آؤٹ کلاس کردیا۔ شام میں قومی ٹیم گروپ اے میں اپنا آخری میچ کھیلنے کیلیے جنوبی کوریا کیخلاف کورٹ میں اتری، جس میں طیب نے یو سونگ جیون کیخلاف ابتدائی مقابلہ بغیر کسی مزاحمت کے 11-7 ،11-8 اور 11-5 سے اپنے نام کرلیا۔
دوسرے میچ میں سنگ ہیوگ کے مقابل علی مجتبیٰ بخاری نے بھی باآسانی 11-9 ، 11-4 اور11-6 سے کامیابی حاصل کی۔ اسرار احمد نے تیگ ہیو جن کو 11-6،11-6 اور11-9 سے ہرادیا۔ دو فتوحات کے بعد قومی ٹیم نے گروپ اے سے ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں پر اس کا سامنا گروپ بی کی دوسری ٹیم سے ہوگا جو ممکنہ طور پر جاپان ہوسکتی ہے۔
ابتدائی روز گروپ سی میں موجود بھارت نے اپنے دونوں میچز جیت لیے، اس نے سری لنکا کے بعد چائنیز تائپے کو آسان مقابلوں میں زیر کیا۔ گذشتہ ایونٹ کی رنرز اپ ملائیشین سائیڈ دونوں میچزمیں سرخرو رہی، اس نے پہلے جاپان کو زیر کیا پھر کویت کو بھی ٹھکانے لگادیا۔ گروپ ڈی میں ہانگ کانگ کی ٹیم ایران اور عراق کو ہرا کر سب سے آگے ہے۔ ایونٹ میں جمعرات کو گروپ مقابلے کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ کوارٹر فائنلز جمعے کو کھیلے جائیں گے۔