اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔ نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم پر کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق، آصف زرداری اور فریال تالپور ملک سے باہر نہیں جاسکتے، طحہٰ رضا، اسلم رضا، عدیل شاہ راشدی کے نام بھی لسٹ میں شامل ہیں۔ ادھر پیپلزپارٹی نے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس کل لاہور میں طلب کر لیا۔ بلاول بھٹو دورہ ملتان مختصر کر کے آج رات لاہور پہنچیں گے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز29 جعلی بینک اکاؤنٹس سے 35 ارب کی ٹرانزیکشنز پر ازخود نوٹس کیس میں سمٹ بینک، یوبی ایل اور سندھ بینک کے سی ای اوزاور سربراہان کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی تھی۔
عدالت نے حکم دیا کہ سٹیٹ بینک ایف آئی اے کو متعلقہ ریکارڈ کی حوالگی اور آئی جی سندھ تمام لوگوں کی عدالت میں حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت نے سٹیٹ بینک کے سینئر افسران، سمٹ بنک، یو بی ایل اور سندھ بینک کے سربراہان اور سی ای اوز کو بھی نوٹسز جاری کئے۔