اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ سب کوعزت دیتے اور ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں لیکن آصف علی زرداری نے گزشتہ دنوں جو کہا اس پر دکھ ہوا۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)سندھ کا اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے می امن و امان کی صورت حال اور مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرنے پرغور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم سب کوعزت دیتے اور ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، آصف علی زرداری نے جو کہا اس پر دکھ ہوا، وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا، ماضی میں وفاقی حکومت صوبوں میں مداخلت کرتی تھی، ہماری پنجاب میں حکومت تھی تو گورنر راج لگایا گیا لیکن ہم نے کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، آصف زرداری کی بحیثیت صدر ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی تنظیم کے خلاف نہیں ہے، یہ صرف دہشت گردوں اورمجرموں کے خلاف ہے، اسے کوئی سیاسی رنگ نہ دیا جائے، کراچی آپریشن پرکوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،قومی دولت لوٹنےوالوں کا بلاامتیاز احتساب جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 1990 کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع کر دی ہے۔ لگتا ہے نواز شریف نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ نواز شریف بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔