تھر پارکر (جیوڈیسک) تھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے شاہی قافلے نے علاقہ مکینوں پہ دھاک بٹھا دی۔36 گاڑیوں کے جلوس میں آنے والے سابق صدر 52 گاڑیوں کے ہجوم میں ہیلی پیڈ گئے مگر اسپتال میں مرنے والے بچوں کے لواحقین ان کی راہ تکتے رہے۔پولیس الرٹ،انتظامیہ الرٹ،ہوشیار ،خبردار ،شاہی سواری آ رہی ہے جی ہاں تھر میں قحط سالی کے مارے مکینوں نے ایک مرتبہ پھر شاہی جلوہ دیکھا۔
پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زردای تھر میں ایشیا کے سب سے بڑے واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کرنے پہنچے تو قافلہ کیسے چھوٹا ہو سکتا ہے، ہیلی ہیڈ سے پلانٹ تک 36 گاڑیوں کے جلوے میں آئے اور واپسی میں ان کی روانگی 52 گاڑیوں کے جلوس میں ہوئی، امید یہ بھی تھی کہ وہ سول اسپتال میں غذائی قلت سے سسکتے بچوں کی عیادت بھی کریں گے، تنگی وقت سے یہ تو نہ ہوا مگر اسپتال کی قسمت ضرور بدل گئی۔ صفائی کا عملہ نا صرف اسپتال کے فرش بلکہ دیواروں پہ جمی سالوں کی گرد رگڑ رگڑ کر اتارتا رہا اور گلی محلوں کی صفائی بھی ہوتی رہی۔