آصف زرداری کی سندھ کے وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وارننگ

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے صوبائی وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دیدی، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی پر ہر 3 ماہ بعد اجلاس ہو گا، وزراء کی کارکردگی کو خود مانیٹر کروں گا۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزراء کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے گئے، اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزراء کے ساتھ ساتھ بیورو کریسی بھی اہمیت نہیں دیتی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اراکین اسمبلی کی شکایت پر صوبائی وزراء کو تنبیہ کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دیتے ہوئے مانیٹرنگ کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، ان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء کی کارکردگی کو خود مانیٹر کروں گا، وزیر اور افسر کے دفتر آنے جانے کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی کی شکایت پر صرف اراکین کا اجلاس بلاؤں گا، جس میں کوئی وزیر نہیں ہو گا، کسی بھی رکن اسمبلی کو شکایت ہو تو بغیر ڈرے بیان کرے، سندھ حکومت کی کارکردگی پر ہر 3 ماہ بعد جائزہ اجلاس بھی ہوگا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وزراء کی کارکردگی یہی رہی تو آئندہ ایران کی طرح نامزد کیا جائے گا، ایران میں وزراء کو پارٹی پول کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے۔