اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر ایوان سے تحریری معافی مانگ لی تاہم شیریں مزاری نے معافی نامہ مسترد کردیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا جس کے دوران گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان کے باعث ہونے والی ہنگامی آرائی پر بات کی گئی۔ اس موقع پر وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے تحریری معافی نامہ پیش کیا گیا جسے اسپیکر ایاز صادق نے ایوان میں پڑھ کر سنایا۔
دوسری جانب شیریں مزاری نے وزیردفاع خواجہ آصف کا تحریری معافی نامہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے میری ذات سے متعلق نازیبا الفاظ کہے اس لئے وہ ایوان کے فلور پر آکر مجھ سے معافی مانگیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے اپنی بات کے دوران مداخلت کرنے پر شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی کہا تھا۔