لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری کی کرپٹ سوچ نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں، سابق صدر سینٹ انتخابات کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر جماعت کے ممبران کو خریدنے کی سازش کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے سابق صدر آصف زرداری پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھٹو کی پیپلز پارٹی کو بھاؤ تاؤ کا بازار بنا رکھا ہے، سابق صدر سینٹ انتخابات کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر جماعت کے ممبران کو بھی خریدنے کی سازش کررہے ہیں۔ وہ اپنی بہن کو چیئرمین سینٹ بنوا کر نظام پر مسلط رہنا چاہتے ہیں۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ زرداری نے بلوچستان سے سینٹ نشستیں لینے کیلئے جمہوریت کش سوچ کا ساتھ دیا، ان کی کرپٹ سوچ نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں۔ بلوچستان میں تبدیلی درحقیت جمہوریت کے غلاف میں لپٹی خریدوفرخت ہے۔ آصف زرداری کو جمہوریت کے لبادے میں اراکین کی خریدوفروخت کا گھناؤنا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ممبران بھی زرداری کی سودے بازی کے نشانے پر ہیں۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی کوئی نشست نہیں، قیوم سومرو کٹھ پتلی حکومت بنانے کے گھناؤنے کھیل کا حصہ بنے رہے۔ مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتیں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں گی۔