آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر

Asif Zardari - Faryal Talpur

Asif Zardari – Faryal Talpur

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔

میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت راولپنڈی میں ہوئی۔ فریال تالپور اور عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

آصف زرداری بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے جب کہ ملزم انور مجید کو آج کراچی سے عدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔

عدالت نے نیب کو ملزم انور مجید کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری علیل ہیں، آج عدالت نہیں آ سکتے، جس پر عدالت نے آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جن ملزمان کی تفتیش مکمل ہے ان پر فرد جرم عائد کر دیں۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عبوری ریفرنس پر کیسے فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے خلاف تفتیش جاری ہے، نئے شواہد ملنے کی صورت میں ضمنی ریفرنس دائر کریں گے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کی کاپیاں ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں جس پر عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔