لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی رہنما ناہید خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا بس چلے تو وہ ضرور وزیراعظم بنیں گے، وہ بلاول کو ہٹا کر سب کچھ اپنے ہاتھوں میں کرنے جا رہے ہیں۔ لاہور میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پیپلز پارٹی کو ایسے گڑھے کی جانب لے کر جا رہے ہیں جہاں صرف تباہی ہے۔
آصف زرداری اور ان کے خاندان کو اب پیپلز پارٹی سے باعزت طریقہ سے الگ ہو جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ہر اس شخص کو ناپسند کرتے ہیں جسے محترمہ بے نظیر پسند کرتی تھیں۔ ناہید خان کے مطابق 2008 کا الیکشن بی بی کا تھا، جبکہ 2013 زرداری کا الیکشن تھا،نتیجہ سب کے سامنے ہے۔