لاہور (جیوڈیسک) بحریہ ٹاؤن لاہور میں دنیا کی ساتویں بڑی مسجد کا سابق صدر آصف علی زرداری نے باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے موقع پر چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض بھی موجود تھے۔
آصف زرداری نے شاندار مسجد بنانے پر ملک ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بحریہ ٹاؤن اور پاکستانیوں کو ایک صدقہ جاریہ دیا ہے۔ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کہتے ہیں کہ ملائشیا میں مہاتیر محمد کی بنائی مسجد میں اہلیہ کے ساتھ نماز ادا کرتے ہوئے خود بھی مسجد بنانے کی دعا کی جو قبول ہو گئی۔
ملک ریاض نے کہا کہ دنیا میں اللہ تعالی کا ساتواں بڑا گھر بنانے کے لیے وسائل بھی اللہ ہی نے دیئے۔ کراچی میں انشاء اللہ اس سے بھی بڑی مسجد بنائیں گے۔ بحریہ ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد سرخ اینٹوں سے بنائی گئی ہے۔
اس کا منفرد ڈیزائن ممتاز آرکیٹیکٹ نیر علی دادا نے بنایا۔ مسجد میں 70 ہزار افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اندرونی حصے میں 20 ہزار اور صحن میں پچاس ہزار افراد کی گنجائش ہے۔ بحریہ ٹاؤن کی رہائشیوں کے لیے جامع مسجد عیدالاضحی کے دن کھولی گئی جس کا آج باضابطہ افتتاح کیا گیا۔