آصف زرداری کے خلاف پراپرٹی کا ایک اور کیس نکل آیا

 Asif Zardari

Asif Zardari

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پراپرٹی کا ایک اور کیس نکل آیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے نیویارک میں آصف زرداری کے مبینہ اپارٹمنٹ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس حوالے سے نیب کے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ مین ہٹن نیویارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہرنہیں کیا گیا، بظاہریہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئی ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے اس کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سابق صدر نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ 15 جون کو نیب نے نوٹس بھیجا اور معلومات طلب کیں، جواب دینے کیلئے نیب سے وقت دینے کی استدعا کی کہ معلومات اکٹھی کرسکوں۔

آصف زرداری نے درخواست میں کہا ہےکہ نیب کی جانب سے مجھے نشانہ بنائے جانے کی ایک تاریخ موجود ہے، مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوں، اپنے ڈاکٹروں سے علاج کروا رہا ہوں، کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے۔

سابق صدر نے استدعا کی ہے کہ نیب کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔