’آصف زرداری کا سرے محل‘ برائے فروخت

Surrey Mahal

Surrey Mahal

برطانیہ (جیوڈیسک) کے علاقے سرے میں واقع مشہور ’راک وُڈ سٹیٹ‘ جسے پاکستان میں سرے محل کے نام سے جانا جاتا ہے اگلے مہینے نیلام ہو رہا ہے جس کے بعد اسے گرائے جانے کا امکان ہے۔ یہ گھر ایک زمانے میں پاکستانی سیاست میں گرما گرم بحث و مباحثے کا مرکز رہا ہے کیونکہ ایک دور میں اس کے مالک سابق صدر آصف علی زرداری رہ چکے ہیں۔

ایسا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے جس سے پتا چلتا ہو کہ بینظیر بھٹو یا آصف علی زرداری اس گھر میں کبھی رہائش پذیر رہے۔ اس اسٹیٹ کی اندازاً قیمت یا ’گائیڈ پرائس‘ ایک کروڑ پاؤنڈ ہے۔ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری جب 1990 میں بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کر رہے تھے تو انہوں نے اس کی ملکیت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔

2004 میں اچانک آصف علی زرداری نے یہ تسلیم کیا کہ یہ ان کی ملکیت ہے اور 2005 میں اس کی ملکیت تبدیل ہوئی مگر گذشتہ دس سال سے یہ خاندانی رہائش کے طور پر استعمال نہیں ہو رہا ہے۔ مقامی سٹیٹ ایجنٹ نِک فریتھ کا کہنا ہے کہ اس پراپرٹی کا ایک ’دلچسپ ماضی‘ ہے ۔

2 ستمبر 2013 کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی کلِک ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس مینشن میں ایک ٹرانس موسیقی کی پارٹی منعقد کی گئی تھی جبکہ برطانوی اخبار میل آن لائن نے اس جگہ ہونے والی کلِک پرائیوٹ سیکس پارٹیوں کے بارے میں بھی گذشتہ سال خبر شائع کی تھی۔

فریتھ کا کہنا ہے کہ ’ہر قسم کی عجیب و غریب پارٹیاں یہاں ہوتی رہیں جو اس کے کرائے داروں کی جانب سے کی جاتی تھیں جو کچھ عرصے یہاں رہے۔ میرا نہیں خیال یہاں کوئی غیر قانونی کام ہوتا رہا ہے بلکہ سبھی اچھا وقت گزرا رہے تھے۔‘ یہ گھر 1910 میں تعمیر کیا گیا تھا اور ابھی تک اس کی بعض ابتدائی تعمیرات باقی ہیں جیسا کہ لکڑی کی پینلز والا مطالعہ کا کمرہ ہے۔

بعد میں اس میں تانبے کا دروازہ لگایا گیا جو فریتھ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ سے لایا گیا تھا۔ فریتھ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی حالت میں رکھا گیا ہے مگر اسے جدید زمانے کے مطابق لانے کے لیے آپ کو کئی ہزار پاؤنڈ خرچ کرنے پڑیں گے۔

اس گھر کے ساتھ ملحق 360 ایکڑ اراضی پر ایک ہوائی پٹی بھی ہے۔
اس گھر کو خریدنے کے لیے خریدار مشرق بعید، مشرقِ وسطی، امریکہ اور برطانیہ سے دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ 4 جولائی کو ہونے والی نیلامی میں کون اسے خریدتا ہے۔