اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے کنسرٹ میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے نوجوانوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے کنسرٹ میں ایسا رویہ بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
گزشتہ روز عاصم اظہر کی اسلام آباد کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کنسرٹ کے درمیان میں ہی گانا روک کر چند نوجوانوں کو ڈانٹتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
عاصم اظہر نے کنسرٹ میں آئی خواتین اور فیملیز کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر منچلے نوجوانوں پر برہم ہوتے ہوئے کہا نیا سال منانے آئے ہو خوشی سے مناؤ۔ اگر مجھے اب کوئی بھی فیملیز کے ارد گرد بدتمیزی کرتا ہوا نظر آیا تو وہ سیدھا باہر جائے گا۔
عاصم اظہر کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔ بعد ازاں گلوکار نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کنسرٹ میں آئی خواتین اور فیملیز کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے لوگوں کے بارے میں کہا کہ میرے کنسرٹ میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور انہیں ہراساں کیا جانا بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عاصم اظہر نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کنسرٹ میں آئے چند نوجوان کھلے عام شراب پی رہے تھے جس کی وجہ سے وہاں موجود فیملیز پریشان ہورہی تھیں۔ بطور آرٹسٹ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہمارے شو میں آئے تمام لوگ خود کو محفوظ سمجھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکارہ آئمہ بیگ اور طلحہ انجم نے بھی کنسرٹ کے دوران بدتمیزی کرنے والے نوجوانوں کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔