اسلام آباد (جیوڈیسک) وکیل رہنما عاصمہ جہانگیر نے عمران خان کو بونگا خان قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ کنٹینر سے جو کہتے ہیں وہ فتوائے بونگا ہوتا ہے، خان صاحب گالم گلوچ نہ کریں، وہ ایک پگڑی اچھالیں گے تو ہم دس اچھال سکتے ہیں۔
عاصمہ جہانگیر نے کہا، یہ طے ہو چکا ہے کہ سیاست میں سویلین اداروں کی بالادستی ہو گی، عمران خان کو سویلین اداروں پراعتماد نہیں، انہیں چاہئے کہ وہ درست اور شفاف سیاست کریں، گالم گلوچ نہ کریں۔ماضی میں بھی بڑے لوگ آئے آج وہ کہیں بھی نہیں ہیں۔
عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا رول اچھا بن سکتا ہے، اگر وہ سیاست اور ووٹ کے ذریعے آئیں، لوگ شرافت کی وجہ سے خاموش ہیں، لوگ بھی گالیاں دے سکتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے ضد پکڑ رکھی ہے ماہر نفسیات کو چاہیئے کہ وہ انکا خصوصی معائنہ کریں۔
عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ انہوں نے کبھی ناچ گانے پر تنقید نہیں کی، اگر عمران خان بھارت میں بھنگڑے ڈالنا چاہتے ہیں تو ان پر کوئی پابندی نہیں، انہوں نے عمران خان پر کبھی تنقید نہیں کی، خان صاحب کو برداشت سیکھنی چاہیے۔