مظفرگڑھ (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے بھتیجے نے 3 ساتھیوں کے ہمراہ نوجوان لڑکی کے ساتھ اسلحہ کے زور پر مبینہ زیادتی کی کوشش کی جسے اہل علاقہ نے ناکام بنا دیا۔ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے بھتیجے ناصر دستی نے مبینہ طور اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ لڑکی سے اسلحہ کے زور پر مبینہ زیادتی کی کوشش کی تاہم لڑکی کی چیخ پکار پر اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور ملزم ناصر دستی کو پکڑ لیا جبکہ ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے، اہل علاقہ نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس کے سر کے بال اور بھنویں مونڈھ کر پولیس کے حوالے کر دیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔
متاثرہ لڑکی کی عمر 22 سال بتائی جاتی ہے اور یہ پیر جہانیاں کی رہائشی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی اس لئے ملزم کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔