کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کرکے برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے،گولڈن ٹائون نالہ اور چکوری نالہ ناتھا خان گوٹھ سمیت شاہ فیصل کالونی کے اندرونی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی اور سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ برسات سے قبل شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں نکاسی آب کا نظام درست کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں برساتی نالوں اور سیوریج سسٹم کے معائنے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کیااس موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے ملاقات کی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے اپیل کی کہ برساتی نالوں کو صاف ستھرا رکھنے میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں اور برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں میں کوڑا کرکٹ اور کچرا ڈلنے سے گریز کیا جائے تاکہ برساتی نالوں کی افادیت کو قائم و دائم رکھ کر نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے ساتھ صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جا سکے۔