کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں نکاسی آب کے نظام کو بارش سے قبل درست نہ بنا نے کی وجہ سے دوران برسات مضافاتی علاقوں میں عوام شدید مسائل سے دو چار ہیں شہر کے بڑے اور چھوٹے برساتی نالوں کی عدم صفائی اور علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے علاقائی مسائل سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے شہر کراچی کو لاوارث شہر بنا دیا ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شہر کراچی میں ہونے والی تیز برسات کے بعد شاہ فیصل کالونی ،گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور ملحقہ بارش سے متاثرہ آبادیوں کا تفصیلی دورے پر کیا۔
انہوں نے اس موقع پر عوام سے ملاقات کی اور اس موقع پر عوام نے علاقائی سطح پر برساتی نالوں کی عدم صفائی اور سیوریج سسٹم کے ناقص نظام سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ قبل ازوقت برسات کی پیشنگوئی کے باجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتظامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے شہر میں ہونے والی ایک گھنٹے کی برسات نے عوام کو مشکلات سے دو چار کردیا حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے ادارے تباہ حالی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو ہدایت کی کہ مزید برسات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کئے جائیں اور برساتی نالوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا کر نکاسی آب کے نظام کو بروقت یقینی بنا یا جائے گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور ناتھا خان گوٹھ سمیت ملحقہ نشیبی علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے انتظامات کرکے مکینوں کو دوران برسات سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔