کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں ماورائے عدالت قتل سے متعلق ایم کیو ایم کی تحریک التواء کوقائم مقام اسپیکر نے خلاف ضابطہ قراردیے دیا جس پر ایم کیو ایم کے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور احتجاج کیا۔ ایم کیو ایم اراکین نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں ایم کے ایم کے رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین نے کارکنان کی ماورائے عدالت کلنگ اورماورائے قانون گرفتاریوں کے خلاف نے تحریک التواء پیش کی جس کو ڈپٹی اسپیکرنے خلاف ضابطہ قراردے کرمسترد کردیا۔
تحریک التوا منظورنہ ہونے پر ایم کیو ایم کے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور احتجاج کیا۔اس سے قبل اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے ایوان میں کہا کہ سادہ لباس اہلکاروں کی سرگرمیاں ناقابل برداشت ہیں،کراچی فاٹا کا علاقہ نہیں ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہرکلنگ پرافسوس ہے چاہے ٹارگٹ کلنگ ہویا ماورائے عدالت، کلنگ کے جن واقعات پرتحریک لائی گئی ہے اسے کس طرح ثابت کیا جائے گا یہ ماورائے عدالت قتل ہے۔ ایوان میں شور شرابے میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان کی بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کی نجی قراداد منظور کرلی گئی۔جس کے بعد اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا گیا۔