اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں اسمبلیوں میں واپسی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
بنی گالہ میں چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین، حامد خان، سرورخان اور دیگر پارٹی عہدیدار شریک ہیں۔
اجلاس میں حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے آرڈیننس کے اجرا کے بعد اسمبلیوں میں جانے اور یمن میں پاکستان کے کردار سے متعلق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پر غور کیا جارہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں میں واپسی کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں میں مختلف رائے ہے جس پر کور کمیٹی میں تفصیلی بحث ہورہی ہے۔
یمن کی صورتحال پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس الگ معاملہ ہے، جس پر قومی مفاد کو اہمیت دی جائے گی۔