لاہور(جیوڈیسک)لاہور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 9 کروڑ 56 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔ وہ 3 گاڑیوں اور ایک ٹریکٹر کے مالک ہیں جبکہ ان کی رہائش والدہ کے گھر میں ہے۔ یہ تمام تفصیلات میاں نواز شریف نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں ظاہر کی ہیں۔ جیو نیوز کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے اپنی تعلیم بی اے بتائی اور خود کو سیاست دان اور زمین دار ظاہر کیا ہے۔
2011 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 16کروڑ 60 لاکھ روپے تھی جو ایک سال میں 9 کروڑ 56 لاکھ روپے اضافے کے ساتھ 26 کروڑ 16 لاکھ روپے ہوگئی ہے۔ 30 جون 2012 کو کل آمدنی 12کروڑ 40 لاکھ 7 ہزار 488 روپے تھی جس پر 24لاکھ 49 ہزار 556 روپے انکم ٹیکس ادا کیا گیا۔1707 کنال پانچ مرلے زمین سے آٹھ کروڑ 37 لاکھ روپے کی آمدن پر 12 لاکھ 33ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔کاغذات نامزدگی میں غیر منقولہ جائیداد کا خانہ خالی ہے اور وہ اپنی والدہ کے گھر میں مقیم ہیں۔
نوازشریف کے پاس تین گاڑیاں اورایک ٹریکٹر ہے ،ایک لینڈ کروزر اورمرسڈیز بینز تحفے میں ملی ہے، نوازشریف کے پانچ اکانٹ ہیں۔ ان کے نام کوئی جیولری نہیں ، انتخابی اخراجات کے لئے بینک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرائے ہیں۔ 14 کنال پانچ مرلے زرعی اراضی فیروز والا میں اور26 کنال بدو ملہی میں ہے جو والدہ نے گفٹ کی ہے۔
رائے ونڈ کے قریب 312 کنال اراضی بھی والدہ نے تحفے میں دی ، 103کنال بھی تحفے میں ملی۔موضع فیروزوٹواں میں 88کنال زمین والد نے دی، رائے ونڈ کے قریب 897 کنال اراضی بھی نواز شریف کے نام ہے جس کی مالیت 3 کروڑ 69 لاکھ روپے ہے۔