اسلام آباد (جیوڈیسک) ارکان اسمبلی کے لئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا آج آخری دن ہے جبکہ 1174 ارکان میں سے 253 اراکین نے اب تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت آج معطل کردی جائے گی جبکہ قومی اسمبلی کے 282 اور سینیٹ کے 101 ارکان اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرچکے ہیں۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی کے 256، سندھ کے 88، بلوچستان کے 56 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے 88 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں جبکہ مجموعی طور پر ایک ہزار 174 اراکین میں سے 253 ارکان ایسے ہیں جو اب تک اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم نہ کرسکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک، تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری، مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری اور دیگر شامل ہیں۔