اسسٹنٹ کمشنر کا فلاحی تنظیم کے زیر انتظام چلنے والے ادارہ ترک منشیات کا اچانک دورہ

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد : اسسٹنٹ کمشنر کا ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ فلاحی تنظیم کے زیر انتظام چلنے والے ادارہ ترک منشیات کا اچانک دورہ کیا اور معاملات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد انور بریار تحصیل وزیرآباد کے ڈرگ انسپکٹر رانا محمد اکرم اور فوڈ انسپکٹر اصغر چوہدری کے ہمراہ کمبوہ ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے عملہ سے ادارہ میں داخل مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو عمران سنی کمبوہ نے اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ صحت کی ٹیم کو علاج معالجہ کے طریقوں اور ہسپتال میں مریضوں کو پہنچائی جانے والی سہولتوں بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب نشہ کے مریض سے خود ان کے پیارے بھی اکتا جاتے ہیں تو ادارہ ان کے علاج اور معمول کی زندگی بحال ہونے تک خدمت کرتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد انور بریار نے نشہ جیسی لعنت کا شکار ہونے والے افراد کی معمول کی زندگی میں واپسی کیلئے ادارہ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ منشیات کی لت میں مبتلا ہونے والے قابل رحم لوگ ہیں جو عاقبت نا اندیش انسان دشمن منشیات فروشوں کے مکروہ دھندے کی بھینٹ چڑھ کر اپنی زندگیوں کو تباہ کرلیتے ہیں انہیں واپس اصل زندگی میں لاکر معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے۔ نشہ جیسی لعنت کا شکار ہونے والے افراد کا علاج معالجہ کرنے والے اس معاشرے کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے عمران سنی کمبوہ اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور ہسپتال سے اگلی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔