اسسٹنٹ کمشنر گجرات چوہدری عمر فاروق وڑائچ نے گذشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا
Posted on June 28, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
گجرات : ڈی سی او آصف بلال لودھی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات چوہدری عمر فاروق وڑائچ نے گذشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور آرائشی لائٹس استعمال کرنے والے 10 پٹرول پمپ، شادی ہال، سی این جی اسٹیشن اور پلازہ مالکان کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے ہدایات اور ڈی سی او کی زیر قیادت بجلی کی بچت کو فروغ دینے کے لئے قائم کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ضلع بھر میں آرائشی لائٹس کا استعمال ممنوع ہے۔ تحصیل گجرات میں اسی فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے اے سی چوہدری عمر فاروق نے بھمبھر روڈ، سرکلر روڈ، گلزار مدینہ روڈ، جی ٹی روڈ اور رحمان شہید روڈ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر دومیرج ہالز مالکان، ایک پٹرول پمپ، ایک سی این جی اسٹیشن اور چھ پلازہ مالکان بجلی کے غیر ضروری استعمال کے مرتکب پائے گئے جنہیں فوری طور پر نوٹس جاری کردیے گئے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک اس وقت بجلی کے بد ترین بحران کا شکار ہے اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اسکے غیر ضروری استعمال سے پرہیز کریں۔ انہوں نے واضع کیا کہ بجلی کے ضیاع میں ملوث عناصر کے خلا ف قانون کے مطابق سخت کاروائی ہوگی۔