انجمن کے شوہر مبین ملک کے قاتل پانچ روزبعد بھی گرفتار نہ ہو سکے

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور اداکارہ انجمن کے شوہر مبین ملک کے قتل کو پانچ روز گزر گئے، پولیس ابھی تک قاتلوں تک نہیں پہنچ سکی،حملے میں زخمی ہونے والی مبین ملک کی بیٹی، ایمان واحد عینی شاہد ہیں جو ابھی تک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس جائیداد اور خاندانی جھگڑوں کو واردات کی وجہ قرار دے رہی ہے۔ انجمن کے شوہر، 21 ویں گریڈ کے انکم ٹیکس آفیسرمبین ملک کو عید کی شام، ان کے اپنے گھر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، مبین ملک کی بیٹی ایمان کے مطابق مسلح افراد موٹر سائیکل اور گاڑی پر سوار تھے۔

مبین ملک کے بھائی زریں ملک کے مطابق ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے مبین کو قریب سے نشانہ بنایا گیا، ساتھ والی سیٹ پر بیٹی بیٹھی تھی جو زخمی ہوئی، خانساماں نے گھر کا گیٹ کھولا تو اسے بھی مار دیا گیا۔ واردات کی واحد عینی شاہد ایمان نے زخمی ہونے کے بعد دیوار پر کچھ لکھنا چاہا مگر بے ہوش ہوگئی، مبین کے بھائی نے تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مقتول کے بیٹے عدنان نے بتایا کہ پانچ گولیاں ایمان کے جسم سے نکال لی گئی ہیں ،وہ تین روز میں بات کرنے کے قابل ہوجائے گی۔

مبین ملک مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے صدر بھی تھے، گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ بھی خراب ہونے کے باعث کسی کام نہ آیا، پولیس ذرائع کے مطابق مبین ملک کے کا فون ڈیٹا نکلوا لیا گیا ہے جس کے مطابق فائرنگ سے پہلے بھیجے گئے ایک میسج میں انہیں گھر پہنچنے کا کہا گیا۔