جمعیت کے زیر اہتمام میڈیا ورکشاپ کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی
Posted on September 16, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(15 ستمبر2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ میڈیا کی قوت سے انکار ممکن نہیں ، دعوت کے ابلاغ کے لئے میڈیا ایک مسلمہ حقیقت ہے، جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں دو روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد سوشل نیٹ ورکنگ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے جس کے ساتھ رابطے کے لئے اس میڈیم کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے۔ ہر فرد کو اپنے متعلقہ میدان میںکام کرکے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا ۔اسلام کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈہ کا جواب دینے اور اس کا خاتمہ کرنے کے لئے میڈیا کو کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
واضح رہے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کراچی میں کیا گیا تھا۔ اس ورکشاپ میں پاکستان بھر سے جمعیت کے شعبہ اطلاعات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے سنئیر صحافیوں، کالم نگاروں اور ماہرین ابلاغیات نے خطاب کیا۔
سوشل میڈیا، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ماہرین نے مفید معلومات دیں اور طلبہ کے سوالات کے جوابات دئیے ۔ آخر میں ورکشاپ کے شرکاء کی جانب سے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا گیا اور پریس کلب کے ذمہ داران سے نشست کی گئی، جب کہ قومی اخبارات اور نجی چینلز کا دورہ بھی کیا گیا-