ملتان (جیوڈیسک) شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آزادی مارچ کی راہ میں رکاوٹ کھڑی نہ کرے، انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو استعفیٰ چیئرمین کے پاس جمع کرانے کا بھی کہہ دیا، آپشن صحیح وقت پر استعمال کیا جائے گا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے آرٹیکل 245 کو مسترد کردیا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آزادی مارچ کی راہ میں رکاوٹ کھڑی نہ کرے، مارچ ہر صورت میں ہوگا، کارکن رکاوٹیں توڑ کر اسلام آباد پہنچیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ میں شمولیت کیلئے دیگر جماعتوں کو دعوت دیں گے، افتخار چوہدری کا قانونی نوٹس عمران خان کو موصول ہوگیا، قانونی ماہرین اس کا جواب دیں گے۔
شاہ محمود نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی استعفی پارٹی چیئرمین کے پاس جمع کرادیں، صحیح وقت پر استعفیٰ کا آپشن استعمال کیا جائے گا۔