عطائیت کیخلاف بل لانے کی کوشش کر رہے ہیں: سلمان رفیق

Khawaja Salman Rafique

Khawaja Salman Rafique

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور میں 12 ارب روپے کی لاگت سے جگر اور گردے کی پیوند کاری کا سنٹر بنایا جائے گا جس کیلئے ڈیرہ چہال میں بننے والے نالج سٹی میں 50 ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے۔

وہ جمعہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جگر کی پیوند کاری کے حوالے سے ہونے والے سمپوزیم میں خطاب کر رہے تھے۔ سمپوزیم کا انعقاد پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے اشتراک سے کیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت عطائیت کے خلاف بل لانے کی کوشش کررہی ہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم نے “جگر کی کہانی اس کی اپنی زبانی” کے موضوع پر لیکچر دیا۔

پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے صدر ڈاکٹر طارق میاں نے کہا کہ جعلی ڈاکٹر اور حکیم لوگوں کی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔ سمپوزیم سے شیخ زید ہسپتال لاہور کے لیور سرجنز ڈاکٹر طارق علی بنگش، ڈاکٹر عامر لطیف اور دو مرتبہ جگر کی پیوند کاری کرانے والے مریض مظہر ساہی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔