ایتھنز کے نواح میں واقع پناہ گزین حراستی مرکز میں قید تارکین وطن کے ساتھ اظہاریک جہتی

ایتھنز (سکندرریاض چوہان) ایتھنز کے نواح میں واقع پناہ گزین حراستی مرکز میں قید تارکین وطن کے ساتھ اظہاریک جہتی اورحکومت یونان کی جانب سے اٹھارہ ماہ تک حراستی مرکز میں بندرکھنے کے خلاف یونان کی انسانی حقوق کی تنظیموں،فاشزم مخالف تنظیم، تعصب وامتیازی سلوک کے خلاف یونانی تنظیم کے علاوہ پاکستانی تنظیم پاکستان کمیونٹی اتحاد یونان کی جانب سے ایتھنز کے نواحی علاقہ میندی سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

جوکہ قریبی ایمغدالیزا حراستی مرکز کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔احتجاجی ریلی میں یونانی و پاکستانی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی جنھوں نے تعصب، فاشزم، پناہ گزینوں کے ساتھ اظہاریک جہتی اور طویل حراست کے خلاف احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے شرکانعرے لگاتے ہوئے حراستی مرکز کے سامنے پہنچے جہاں پر مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے تقاریر کی جنھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طورپر اٹھارہ ماہ کے ظالمانہ قانون کو ختم کریں، پناہ گزینوں کورہائشی پرمٹ، سیاسی پناہ کے قانون کوآسان کریں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مرکز میں قید تارکین وطن کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔

مقررین کاکہناتھاکہ ایک غیرقانونی پناہ گزین کواٹھارہ ماہ تک حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے حکومت کے پناہ گزین طریقہ کار کے تحت لوگوں کوسیاسی پناہ کی درخواستیں دینے اوران پرعمل درآمد میں مشکلات درپیش ہیں

حکومت اپنے طریقہ کار کو آسان کرے ناکہ پناہ گزینوں کو حراستی مراکز میں رکھے۔ احتجاجی ریلی کے شرکا کا مطالبہ تھا کہ حکومت آئین کے مطابق تمام افراد کو یکساں حقوق دے اوران کوفوری طورپر پناہ گزین مراکز سے رہا کر کے آزادانہ زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرے۔