ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی غلط فہمی پر اپنی وضاحت پیش کی ہے۔
حال ہی میں عاطف اسلم نے سینئر صحافی اور برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے انٹرٹینمنٹ رپورٹر ہارون رشید کو انٹرویو دیا۔
عاطف سے ہارون نے سوال کیا کہ کیا یہ سچ ہے کہ ایک وقت میں آپ اتنے مصروف تھے کہ آپ نے شاہ رخ خان کے لیے گانا گانے سے انکار کر دیا تھا؟ یہ بات شاہ رخ نے خود کہی تھی۔
جواب میں عاطف اسلم نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ نہیں ایسا کچھ نہیں ہوا تھا، مجھے زندگی میں محض ایک مرتبہ ہی شاہ رخ خان سے ملنے کا موقع ملا، وہ بہت اچھے انسان ہیں، انہوں نے مجھ سے ذاتی طور پر رابطہ نہیں کیا تھا بلکہ ان کی ٹیم نے مجھ سے رابطہ کیا تھا۔
عاطف اسلم نے کہا کہ میں نے ‘گیرووا’ گانا گایا بھی تھا، میں نے گانا ریکارڈ کیا اور ان کی ٹیم کو بھیج دیا تھا، مجھے نہیں معلوم کہ پھر کیا ہوا، میں شاہ رخ کے لیے کبھی مصروف نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کو اپنی ٹیم سے اس بارے میں ضرور پوچھنا چاہیے کیونکہ میں نے گانا ریکارڈ کر کے بھجوا دیا تھا۔
خیال رہے کہ شاہ رخ اور کاجول نے پاکستانی میزبان اور اداکار واسع چوہدری کو انٹرویو دیا تھا جس میں شاہ رخ نے کہا تھا کہ میں نے عاطف کو اپنی فلم میں گیرووا گانا گانے کی پیشکش کی تھی لیکن وقت نہ ہونے کے باعث عاطف نے انکار کر دیا تھا۔