ممبئی (جیوڈیسک) متعدد بالی ووڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلم میں شامل اپنے گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کر دیا۔ عاطف اسلم نے آنیوالی بالی ووڈ فلم ’’داس دیو‘‘ کے پروڈیوسر سنجیو کمار کی جانب سے بار بار درخواست کئے جانے کے باوجود فلم کے گانے سہمی ہے دھڑکن تو کیا ہوا کی تشہیر کرنے سے انکار کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ گانا گزشتہ ماہ 21 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا جسے اب تک 17 لاکھ 90 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ عاطف اسلم کی جانب سے اپنے ہی گانے کی تشہیر نہ کرنے کی ایک وجہ حال ہی میں بھارت کے مرکزی وزیر اور سابق گلوکار بابل سپریو کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کئے جانے کے مطالبے کو سمجھا جا رہا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنے ہی گانے کی تشہیر سے کیوں انکار کیا۔