کوہ سلیمان اور ہرنائی کے پہاڑی سلسلوں میں ایک بار پھر بارش شروع

Atlas Suleman

Atlas Suleman

کراچی (جیوڈٰسک) کوہ سلیمان اور ہرنائی کے پہاڑی سلسلوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث راجن پور اور تونسہ کے برساتی نالوں اور دریائے ناڑی میں طغیانی آگئی ہے، کوہ سلیمان اور ہرنائی کے پہاڑی سلسلوں میں رات گئے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی پانی کے باعث راجن پور اور تونسہ کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، ادھر ہرنائی کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی پانی نے دریائے ناڑی میں طغیانی پیدا کر دی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے ناڑی سے اس وقت 19 ہزار 50 کیوسک کا سیلابی ریلہ گزررہا ہے اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

خضدار کی تحصیل نال کور ندی میں ایک شخص سیلابی ریلے میں بہہ گیا، محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ کے دوران اسلام آباد ،راولپنڈی ، سرگودھا، گوجرانوالا، لاہور، ڈیرا غازی خان، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، ڈیرا اسماعیل خان، سبی، ژوب اور نصیر آباد میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔