کراچی (جیوڈیسک) اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے نایاب ہو گئے، کراچی میں بینک بند کر دئیے گئے، چیک کیش ہوسکے نہ اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکل سکے۔ شاپنگ کیسے ہو گی، شہریوں نے سر پکڑ لئے۔ عید پر بہت کچھ روایتی ہوتا ہے اور ایک روایت ہے عید کی شاپنگ کے لئے اے ٹی ایم مشینوں کا خراب ہونا۔
شہر کے اے ٹی ایم مشینوں سے رقم نکالنے کے لئے کارڈ ڈالیں ، رقم کا انداراج کریں اور پھر انتظار کریں رقم نکلنے کا۔ بیشتر مشینوں میں رقم ہی نہیں ہے اور بہت سی جگہوں پر مشینیں ہی خراب ہیں۔ شہری ایک اے ٹی ایم سے دوسری اے ٹی ایم کے چکر لگا رہے ہیں ۔ ایسا نہیں کہ کسی بھی مشین سے رقم نہیں نکل رہی ۔ کچھ خوش نصیب ہیں جن کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
یوں شہریوں کی اکثریت کو عید کی شاپنگ میں شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ عید کی اس روایتی پریشانی نے اس بات کو عیاں کر دیا ہے کہ ملکی بینکنگ سیکٹر کی ترقی کے کتنے ہی قصیدے پڑھے جائیں یہ اس قابل نہیں کہ شہریوں کو سہولت سے رقم مہیا کر سکیں۔