لندن (جیوڈیسک) چھ مرتبہ کے سابق چمپئن راجر فیڈرر نے اینڈی مرے کو شکست دے کر اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز کے سیمی فائنلز کی دوڑ سے باہر کر دیا، اس فتح کے ساتھ ہی سوئس کھلاڑی نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی جگہ بنالی۔ لندن کے او ٹو ایرینا میں راجر فیڈرر کا مقابلہ تھا مقامی ہیرو اینڈی مرے سے، گروپ بی کے اس میچ میں فیڈرر بہترین فارم میں نظر آئے انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چھ صفر اور چھ ایک سے کامیابی حاصل کرکے مرے کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔
ایک اور میچ میں جاپان کے کائی نشیکوری نے زخمی میلوس راونچ کی جگہ ٹورنامنٹ کا حصہ بننے والے ڈیوڈ فیرر کو سخت مقابلے کے بعد چار چھ، چھ چار اور چھ ایک سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔