کراچی (جیوڈیسک) ڈی آئی جی ایسٹ زون منیر شیخ کا کہنا ہے کہ اولڈٹرمینل حملہ کیس میں تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، حملہ کرنے والے دہشت گرد 2 گاڑیوں میں اولڈٹرمینل پہنچے، دہشت گرد پی آئی اے انجینئرنگ کی عمارت میں فوکرگیٹ اور کارگو ٹرمینل سے داخل ہوئے۔
ڈی آئی جی منیر شیخ نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے اے ایس ایف کا ریگولر یونی فارم پہن رکھا تھا، بعض دہشت گردوں نے شلوار قمیض کے اوپر اے ایس ایف یونیفارم پہنا ہوا تھا، شبہ ہے کہ دہشت گردوں نے گاڑی میں ہی اے ایس ایف کا یونی فارم پہنا۔
ڈی آئی جی منیر شیخ کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کا ریکارڈ نادرا میں نہیں ہے، دہشت گردوں کے ڈی این اے لیے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ دہشت گرد غیر ملکی ہیں، اولڈ ٹرمینل پر حملے کی جیو فینسنگ کی جائے گی۔
کسی دہشت گرد کے پاس وائرلیس سیٹ نہیں تھا، موبائل کے شواہد ملے ہیں، دہشت گردوں سے کھجوریں، چنے، بسکٹس اور خشک میوہ جات بھی ملے ہیں، اولڈ ٹرمینل حملہ کیس کی مزید نامزد ایف آئی آرز درج کی جائیں گی۔