فیصل آباد (جیوڈیسک) دہشت گردوں کی طرف سے فیصل آباد کی سنٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات ملنے پر آج جیل میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے اور رینجرز کو بھی تعینات کر دیا گیا۔ پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے جبکہ جیل کے باہر جڑانوالہ روڈ پر بیریئرز لگا کر ناکہ بندی کی گئی ہے اور مشکوک افراد کو چیک کیا جا رہا ہے۔
سنٹرل جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزم سمیت خطرناک ترین ملزمان قید ہیں ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی سنٹرل جیل کے باہر گشت کررہی ہیں۔ سنٹرل جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزم ڈاکٹر عثمان سمیت انتہائی خطرناک قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ ان میں سے چار قیدیوں کو عید سے دو روز قبل میانوالی جیل سے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔