نئی دہلی (جیوڈیسک) ماضی کی روایات توڑتے ہوئے بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ایک حملہ سے پاک بھارت تعلقات کی بحالی کاعمل ختم نہیں کیا جا سکتا۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے سیکریٹری شری کانت شرما نے کہاہے کہ حکومت حکومت درست وقت پردرست فیصلہ کرے گی۔
بھارتی اخبار کے مطابق پٹھان کوٹ ائربیس پر حملے سے متعلق شری کانت شرما کا کہنا ہے کہ بھارت دہشتگردی کی ایسی کارروائیوں کا موثر جواب دینا جانتا ہے، ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ ایک حملے سے پاک بھارت تعلقات کی بحالی کا عمل ختم نہیں کیا جا سکتا۔
بھارت کے وزیر ماحولیات پرکاش جوادکر نے بھی واضح کیا کہ پٹھان کوٹ حملے سے ڈائیلاگ کا عمل تباہ نہیں ہو سکتا، پڑوسی نہیں بدلے جاسکتے، مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
پرکاش جوادکر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مرکزی نکتہ دہشتگردی ہوناچاہیے اور یہی بھارت کر رہا ہے۔ بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائی اڈے پر حملے میں 5 حملہ آور مارے گئے تھے۔
بھارتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حملہ انسانیت کے دشمنوں نے کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے حملے پر بھارتی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔