مراکش (جیوڈیسک) مراکش کے حکام کا کہنا ہے کہ پیرس حملوں کے شبہ میں بیلجیئم کے ایک شہری کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر ان حملوں میں ملوث ہوسکتا ہے۔
مراکش کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ بیلجیئن شہری نومبر میں پیرس میں ہونے والے خونریز حملوں میں شریک افراد کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ اسےالمحمدیہ سے گرفتار کیا گیا۔
یہ ساحلی شہر کاسابلانکا اور رباط کے قریب واقع ہے۔ وزارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ زیرحراست ملزم گزشتہ برس نومبر میں پیرس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث حملہ آوروں میں سے ’بعض کے ساتھ براہ راست رابطے‘ میں تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار شخص نے شام کا سفر اس شخص کے ساتھ کیا تھا، جو شمالی پیرس کے ضلع سینٹ ڈینس میں واقع فٹ بال اسٹیڈیم کے قریب خودکش دھماکے میں مارا گیا تھا۔