کوشش ہے جنگ بندی برقرار رہے ، اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن(جیوڈیسک) اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کی کوششیں جاری ہیں، جس کی امریکا نے بھی حمایت کر دی ہے۔ امریکی صدر اوباما کہتے ہیں امریکا کی اس وقت یہی کوشش ہے کہ جنگ بندی برقرار رہے۔

تاکہ غزہ میں تعمیر نو کا کا م شروع ہو سکے۔ غزہ دنیا سے کٹ کر نہیں رہ سکتا۔ اسرائیلی جارحیت کے باعث جہاں غزہ کی کئی بستیاں کھنڈر میں بدل گئیں، وہاں سیکڑوں بچوں کے پورے کے پورے خاندان ختم ہو گئے۔

غزہ میں 29 روز تک اسرائیلی درندوں نے موت اور خون کا کھیل کھیلا۔غزہ میں منگل سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد علاقے میں امدادی سامان کی ترسیل بھی شروع ہو گئی ہے۔ کھانے پینےکے سامان، دوائیوں اور پکانے کے تیل سے لدے درجنوں ٹرک غزہ میں داخل ہوگئے ہیں۔

ادھر جنگ بندی میں توسیع کے لیے مصر کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اسرائیل نے جنگ بندی میں غیر مشروط توسیع کا اشارہ دیا ہے تاہم حماس کے سینئیر اہلکار موسی ابو مرزوق کاکہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔