اٹک کی خبریں 18/10/2014

Attock

Attock

اٹک (جی پی آئی) راولپنڈی بورڈ کے تحت گیارہویں جماعت کے امتحان میں ڈویژن بھر میں انگریزی اور ریاضی میں ہزاروں طلباء و طالبات فیل کمپوٹرائز چیکنگ میں غلطی کا احتمال ، طلبا و طالبات اور والدین نے دونوں پرچوں کی ری چیکنگ کا مطالبہ کردیا ، تفصیلات کے مطابق اٹک کے مختلف کالجز میں زیر تعلیم طلباء اور طالبات کے والدین نے میڈیا کے نمائندوں کا بتایا ہے کہ راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت ڈویژن ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات نے گیارہویں کے امتحانات سال 2014دیے جس میں رزلٹ آنے پر ڈویژن بھر میں ہزاروں طلباء و طالبات ریاضی اور انگریزی میں فیل قرار پائے طلبا اور والدین کا موقف ہے کہ ہزاروں کی تعدادمیں طلباء طالبات کا صرف دو مضامین میں فیل ہونا حیرت انگیز ہی نہیں بورڈ حکام کی چیکنگ پر بھی سوالیہ نشان ہے بورڈ میں اس سے پہلے بھی کمپیوٹرائز چیکنگ اور مارکنگ میں فیل کو پاس اور پاس طلباء و طالبات کو فیل قرار دیا جا چکاہے جس پر ڈویژن بھر میں احتجاج بھی ہوا تھا طالبات کے والدین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بورڈ حکام کو چاہیے کہ وہ طلباء اور طالبات کی پریشانی کو بھانپتے ہوئے ان دونوں مضامین انگلش اور ریاضی کے پرچوں کی ری چیکنگ کرائیں اور ہزاروں کی تعدادمیں فیل طلبا و طالبات کو جو بورڈ کی غلطی سے فیل ہوئے ہیں پاس قرار دیا جائے والدین نے کہا کہ بورڈ حکام سے ہماری پر زور اپیل ہے کہ ان مضامین کے پرچوں کی ری چیکنگ کر کے ہماراجائز مطالبہ پورا کیاجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) بلاول بھٹو زرداری میں بے نظیر بھٹو کی تربیبت اور اپنے نانا کا خون دوڑتاہے کراچی کا کامیاب جلسہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت کی دلیل ہے ہماری جماعت کو آمریت اور دیگر قوتیں ختم نہیں کر سکی اس جماعت کی جڑیں عوام میں ہیں اب بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں نوجوان خون پاکستان پیپلز پارٹی کو دوبار فعال کر کے بھٹو کی یاد تازہ کر دے گاپیپلز پارٹی ایک صوبے کی نہیں وفاق کی علامت جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہیں اسے غریب عوام کی جماعت سمجھا جاتاہے بلکہ اس پارٹی نے ہی غریبوں کو انکا مقام دلایا آج بھی ہمارے قائدین لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہیں ان خیالا ت کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیر و سنیٹر ملک حاکمین خان نے کراچی جلسہ میں شرکت کے بعد اٹک کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیاہے ملک حاکمین خان نے کہا ہے جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ پیپلز پارٹی اب ختم ہو چکی ہے کراچی جلسے میں عوام کا سمندر دیکھ کر ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیے پیپلز پارٹی جرأت مندوں ، بہادروں اور شہیدوں کی جماعت ہے جس کے قائدین اور کارکنوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ، جیلیں کاٹیں اور موت کے پھندے پر جھول گئے مگر انہوں نے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں ہم نے اپنی زندگی کے قیمتی 45سال دیئے ذولفقار علی بھٹو شہید سے لیکر بے نظیر بھٹو اور اب آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے مسلسل اپنی وفاداری نبھا رہے ہیں پارٹی سے غداری اور بھٹو مشن سے روگردانی ہماری رگوں میں نہیں ہے ہم نے عوام سے پارٹی سے جو وعدہ کیا اسے نبھا رہے ہیں اور میری خواہش ہے کہ پارٹی کا ترنگا جھنڈا جو میرے دل پر لگا ہوا ہے دنیا سے رخصت ہوتے وقت میرے تابوت پر لپٹا ہواہو انہوں نے کہا کہ کراچی جلسہ ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے دوبارہ منظم ہونے اور مخالفین کی طرف سے الزامات کی تردید کے لئے کافی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی)پاکستان ریلوے کے ہزاروں ملازمین سے مینٹینس کی مد میں کٹوتی کی جا رہی ہے ریلوے ملازمین کی رہائش گاہیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ، تفصیلات کے مطابق اٹک میں ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں سے ہر ماہ کوارٹرز کی مینٹیس کے لئے 5% کٹوتی کی جاتی ہے لیکن محکمہ ریلوے سالانہ کروڑوں روپے کٹوتی کر کے بھی سرکاری رہائش گاہوں کی مینٹیس نہیں کی جاتی کئی سالوں سے سرکاری مکانوں پر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوا کئی مکان خستہ حال اور ناقابل استعمال ہو چکے ملازمین مجبوری سے ان مکانوں میں رہائش پذیر ہیں کسی بھی وقت کوئی بھی ناگہانی واقعہ رونما ہو سکتاہے چند روز قبل بھی ایک کوارٹر کی چھت گر گئی وہاں رہائش اشخاص خوش قسمتی سے بچ گئے ریلوے کے بعض ملازمین نے اپنے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کے ذریعے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے اپیل کی ہے کہ ہماری رہائش گاہوں کی مینٹیس کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) لاؤڈ سیپکر استعمال کرنے پر دو علمائے کرام کے خلاف مقدمہ تفصیلات کے مطابق تھانہ رنگو پولیس نے لاؤڈ سیپکر استعمال کرنے والے شمس آباد گاؤں کے مسجد کے خطیب مولانا عبدالباسط تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے جامع مسجد حارث محلہ اسلام پورہ کے خطیب حافظ عبدالشکور کے خلاف لاؤڈ سیپکر استعمال کرنے پر ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) معمولی تلخ کلامی پر ڈنڈے سے وار کر نوجوان کو زخمی کر دیا تفصیلات کے مطابق حبیب شاہ ولد شاہ فرید سکنہ شین باغ نے تھانہ صدر میں بیان دیا ہے کہ میں اور میرا ہم زلف سسرال کے گھر بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران زبیر شاہ سکنہ شین باغ کے ساتھ میری تلخ کلامی ہو گئی میرے سسر نے معاملہ ختم کرا دیا بعد ازاں جب میں شام کو گھر واپس جا رہا تھا تو راستے میں زبیر شاہ مسلح ڈنڈا کھڑا تھا مجھے دیکھ کر گالیاں دی ڈنڈے سے وار کر کے مجھے زخمی کر دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) دو بچوں کی ماں ، شادی شدہ خاتون کی پر اسرار موت ، لڑکی کے سسرالی اتفاقیہ جبکہ لڑکی کے لواحقین کا سسرالیوں کے ہاتھوں تنگ آکر زہر خوردنی کے تحت موت قرار دی، تفصیلات کے مطابق غلام محمد ولد غلام سرور قوم اعوان ساکن خگوانی نے تھانہ صدر میں بیان دیا ہے کہ میر ے بھائی کی بیٹی نادیہ کی شادی 7سال قبل جمال ولد محبوب الہی سکنہ کامرہ پنڈ سلیمان مکھن سے ہوئی جس سے اس کے دو بچے ہیں میری بھتیجی کا خاوند بیرون ملک ہوتاہے نادیہ اپنے سسر محبوب الہی ولد غلام حیدر کے ساتھ رہتی ہے رات 8بجے مجھے محبوب نے فون کیا کہ نادیہ بی بی بیمار ہو گئی ہے اسکو الٹیاں آ رہی جس کو ہم ہسپتال لے جا رہے ہیں میں نے اپنے بھائی کو اطلاع دی وہ اپنی بیوی کے ہمراہ ہسپتال آ گئے میں گھر میں رہ گیا اسی روز شام 8بجے میں محمد ارشد ولد ابراہیم ، ارشد محمود ولد حاجی نوازبیمار پرسی کے لئے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی چلے گئے رات 10بجے ہسپتال پہنچے نادیہ بی بی ہسپتال میں زخمی حالت میں بے ہوش تھی وہاں محبوب الہی سسر مسماة ثمیم اختر ساس موجود تھی ہم بھی وہیں تھی محبوب سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ نادیہ بی بی نے زہریلی دوا یا گولیاں کھائی ہیں جس کے بعد میں نے تمام رشتہ داروں کو اطلا ع کر دی میں نے کہا آپ نے مجھے اطلاع نہیں دی اسی دوران مسماة نادیہ ہسپتال میں دم توڑ گئی ہمیں شعبہ ہے کہ نادیہ بی بی کی موت سسرالیوں کے ہاتھوں ہوئی ہے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) اٹک کی نواحی یونین کونسل گولڑہ میں ڈینگی سے بچاؤ اور عوام میں آگاہی کے لئے سیکرٹری یونین کونسل نے یونین کونسل کے دیہات بولیانوال ، دورداد ، سقہ آباد ، اڑانگ اور کواہ کادورہ کیا علاقہ کے علمائے کرام اور معززین سے ملاقاتوں میں سیکرٹری یونین کونسل قاضی خالد محمود نے انہیں ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق آگاہی دی علاقہ میں جمعہ کے خطبات میں علمائے کرام نے عوام الناس کو بتایا کہ ڈینگی ایک موذی مرض ہے اس سے بچاؤ کے لئے گھروں میں کیاریوں اور گملوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں پانی کی بالٹیا ں اور برتن ڈھانپ کر رکھیں اور گھرمیں صفائی کا خاص خیال رکھاجائے ان امور کو اختیار کر کے ڈینگی سے کسی حد تک محفوظ رہا جا سکتاہے دریں اثناء انتظامیہ نے ضلع بھر کی تمام یونین کونسلز میں عوام میں اس بیماری سے متعلق آگاہی اور شعور کے لئے ہدایات جاری کر دی ہے جس پر سیکرٹری صاحبان دیہاتوں میں جاکر معززین علمائے کرام اور عوام الناس کو آگاہ کر رہے ہیں عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے دیہاتوں میں بھی ڈینگی سپرے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ،دینی ، جمہوری جماعت ہے مرکز ، صوبائی قیادت سے لیکر ضلعی ، زونل اور مقامی قیادت کیلئے انتخابات و استصواب باقاعدگی اوت تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جاتے ہیں حال ہی میں جماعت اسلامی کے ضلعی امراء کے منصب کی معیاد 31اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے نئے ذمہ داران کے تقرر کے لئے استصواب رائے کے لئے ووٹنگ ہوئی جس کی آخری تاریخ یکم اکتوبر تھی تمام ضلعی دفاتر پولنگ اسٹیشن تھے جہاں سے 2اکتوبر کو ضلعی مجلس شوریٰ کے 2اراکین کی موجودگی میں پولنگ باکس کھولا گیا تمام بیلٹ پیپر کی گنتی کے بعد انہیں کھولے بغیر صوبائی دفتر منصورہ لاہور بھیج دیا گیا جہاں ان کی گنتی کی گئی جس کے بعد امیر جماعت اسلامی پنجاب و ایم پی اے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے ضلعی اراکین کی رائے کی روشنی میں امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک اقبال خان کو آئندہ سیشن 2014-16ء دو سال کے لئے تیسری مرتبہ امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک مقرر کر دیااس بات کا اعلان صوبائی ناظم انتخاب و استصواب مولانا عبدالواحد اور نائب ناظم استصواب برائے امیر ضلع میاں محمد جنید نے گزشتہ روز کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) امت مسلمہ قرآن و سنت سے جڑ کر ہی متحد رہ سکتی ہے تفرقہ بازی امت واحدہ کوٹکڑے ٹکڑے کر دیا دنیا کی زندگی محض متاع قلیل اور دھوکہ کے سوا کچھ نہیں جماعت اسلامی میں حقیقی جمہوریت رائج ہے موروثی سیاست کی جماعت اسلامی میں کوئی گنجائش نہیں امیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق حقیقی معنوں میں مرد درویش ، مرد حق اور مرد قلند ر ہیں 21نومبر سے23نومبر تک ہونے والا اجتماع عام مینار پاکستان کے سائے میں ایک فقید المثال اجتماع ہوگا ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک ناصر اقبال خان، امیر زون پی پی 15خالد محمود و دیگر نے جامع مسجد قرطبہ مرزا میں ایک اجتماع ارکان و کارکنان سے خطاب ہوئے کیا ہے اس موقع پر ضلعی ناظم نشرو اشاعت سید ثناء اللہ بخاری ، امیر مرزا حاجی محمد حسین ، سیکرٹری جنرل لیاقت عمر، محمد اعجازاور محمد مسکین بھی موجود تھے ناصر اقبال خان نے کہا کہ پیارا پاکستان حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے دھاندلی کی پیدا وار موجودہ حکومت کو جمہوریت کی بقاء کی خاطر برداشت کیا ہے کہ بدترین جمہوریت اچھی آمریت سے بہتر ہے جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اسلامی جمہوریت کیلئے جدو جہد میں مصروف ہے ہمارے تمام مسائل کا حل قرآنی تعلیمات اور اتباع سنت میں ہے۔ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں ہمیں خوشحال اور نیا پاکستان نہیں چاہیے بلکہ حقیقی معنوں اسلامی جمہوریہ پاکستان چاہیے اسکی سرزمین پاک ہو اس کا قانون صحیح معنوں میں پاک ہو، اس کی قیادت اور حکمران امانت و دیانت کے پیکر تقوٰی کے نمونے ہوں جماعت اسلامی کی قیادت انتہائی مخلص ، دیانتدار ، اہل اور جرأت مند ہے یہی قیادت آئی گئی تو مستحکم پاکستان ہوگا عوام غربت سے نکلے گی اور مسائل حل ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) پرنسپل گورنمنٹ بوائزہائر سیکنڈری سکول حسن ابدال وسربراہ نظریہ پاکستان سوسائٹی منصور حسین ملک نے کہاہے کہ ڈینگی کا خاتمہ چند دنوں میں ممکن نہیں اس وباء سے نجات کے لئے مستقل بنیادوں پرمعاشرے کے ہر فرد کو جدوجہد کرنا ہوگی جس کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنا ہماراقومی فریضہ ہے تحصیل حسن ابدال کے تمام سکولوں میں ڈینگی سپرے کرایا جائے اور اس مہم کو آگے بڑھایا جائے جبکہ اساتذہ روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی میں طلباء کو احتیاطی تدابیر پرلیکچر دیں،ان خیالات کااظہارانہوںنے انسدادڈینگی مہم کے سلسلہ میں ہنگامی میٹنگ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہااجلاس میںسکول ہٰذا کی نظریہ پاکستان سوسائٹی کے صدر حاجی ضیاء احمد ،جنرل سیکرٹری قاضی عرفان الحق نیر، انفارمیشن سیکرٹری حکیم عرفات چوہدری، خالد ممتاز، رب نواز، پرویز اختر خان، آفتاب الرحمان اعوان، ڈاکٹر قدیر احمد، رفیع الدین، ریاض مغل، ضمیر احمد، عظیم صفدر، محمود اقبال، ڈاکٹر مختیار، محمد سعید اور انجم اقبال موجود تھے منصورحسین ملک نے مزیدکہاکہ ڈینگی خاتمے اور تدارک کے لئے بر وقت انتظامات پر پنجاب حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہیں بر وقت کاروائی سے ڈینگی وباء کی تباہ کاریوں سے بچاجاسکتاہے انہوںنے اس بات پرزوردیاکہ اس اقدام کو یقینی بنایا جائے کہ پانی کہیں بھی جمع نہ ہو پانی کے ذخیروں کی سکریننگ کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی)ڈی سی او آفس اٹک سے جاری ایک مراسلہ کے مطابق اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کوتمام تر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات مکمل اطمینان و سکون سے ادا کرسکیں۔ انڈیا اور ملک کے دیگر حصوں سے سکھ یاتریوں کی بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سات نومبر تا نو نومبر گوردوارہ پنجہ صاب حسن ابدال آمد کے موقع پر انتظامات کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق جاری مراسلہ کے مطابق۔ اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کو اس سلسلہ میں فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ ۔مراسلے کے مطابق سات نومبر تا نو نومبر متعلقہ علاقے میں لوڈ شیڈ نگ نہیں ہوگی تاہم بجلی فیل ہونے کی صور ت میں جدید ترین جنریٹرز متبادل نظام کے طور پر موجو د ہوں گے۔کسی بھی دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ١١٢٢ کے علاوہ محکمہ صحت کی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے گوردوارہ پنجہ صاحب میں منی چینجر، پوسٹ آفس اور پاکستان کی مصنوعات پر مشتمل سمال انڈسٹریز کا سٹال بھی لگایا جارہا ہے۔گوردوارہ پنجہ صاحب کے مرکزی لنگر خانہ کے علاوہ کسی دوسری جگہ پر کسی بھی چیز کے پکانے پر پابندی عائد ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی فول پرروف سیکورٹی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس اٹک کی جانب سے واک تھرو گیٹس، تربیت یافتہ کتے اور پولیس کے نوجوان تعینات کیے جارہے ہیں جو سکھ یاتریوں کو مکمل تلاشی کے بعد گوردوارہ میں داخل ہونے کی اجازت دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیوٹی پر مامور افراد کے لیے سیکورٹی کارڈ، قومی شناختی کارڈ اور محکمانہ کارڈ کی موجودگی ضروری ہوگی۔سکھ یاتریوں کی گوردوارہ پنجہ صاب آمد پر ان کے قیام اور دیگر معاملات کی دیکھ بھال کے لیے اے سی حسن ابدال کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ سیکورٹی کے انتظامات ڈی پی او اٹک ، صحت کی سہولیات ای ڈی او ہیلتھ جن کی معاونت ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حسن ابدال کریں کے ذمہ ہونگی۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس اٹک بم ڈسپوزل سکواڈ کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے۔بجلی کی بلاتعطل سپلائی کی زمہ داری ایکسین واپڈا حسن ابدال ،جبکہ سکھ یاتریوں کی رہائش کے انتظامات ڈی او آر اٹک اور اے کلاس ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اٹک کریں گے۔ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اٹک علاقے کے صحافیوں کے ساتھ مل کر میڈیا کوریج کی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔فوکل پرسن اے سی حسن ابدال کا ٹیلی فون نمبر 0572-2521232ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت اے سی اٹک سید نذارت علی منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹی ایم او اٹک سردار آفتاب احمد، ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ، صدرانجمن تاجران راشد الرحمان، کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اٹک میں محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے حوالے سے سیکورٹی اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اے سی اٹک سید نذارت علی نے اجلاس میں موجود افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس اور اوقات کی ہر صورت پابندی کروائی جائے اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کا داخلی اور خارجی راستہ ایک ہی رکھا جائے اور آنے والے شرکاء کی بذریعہ سکینگ اور جامہ تلاشی لی جائے تاکہ کسی شر پسند عنصر کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر موجود دکانوں کو مکمل بند رکھا جائے اور رہائشی مکانوں کے افراد سے سرٹیفکیٹس حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے ٹی ایم او اٹک کو ہدایت کی کہ وہ جلوس کے راستے سے تعمیراتی میٹریل اور دیگر رکاوٹوں کو دور کریں اور جلوس و مجالس کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی سختی سے پابندی کا اطلاق کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بیس اکتوبر بروز ،سوموار صبح دس بجے آرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کی کلاسز کا افتتاح کریں گے۔ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے اراکین کو اس موقع پر شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اٹک (جی پی آئی) میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک ڈاکٹر ابرار نے کہاہے کہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی تمام ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں یہ بات اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ڈینگی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔اے ڈی سی اٹک نے ہدایت کی کہ علاقے میں موجود تمام تالابوں اور زیر تعمیر عمارات میں سپرے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فشریز ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی قائم فش نرسریوں میں بھی مچھر مار سپرے کیا جانا ضروری ہے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے تمام امکانات کو ختم کیا جاسکے۔انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے جمعہ میں اپنے خطبوں میں عوام کو ڈینگی سے تحفظ کے بارے میں آگاہی دیں۔اے ڈی سی اٹک نے تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کریں بصورت دیگر کسی قسم کی غفلت کے مرتکب افراد کے خلا ف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔