اٹک (جیوڈیسک) اٹک خودکش حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران ملنے والے ہینڈ گرنیڈ کو ناکارہ بنا دیا گیا، جائے وقوعہ سے ملنے والی نامعلوم شخص کی لاش کی شناخت ایک ہفتے بعد بھی تفتیش کاروں کیلئے معمہ بن گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں کے شادی خان میں شہید صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا جسے بعد ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری جانب ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود جائے وقوعہ سے ملنے والی نامعلوم لاش کی شناخت نہیں ہو سکی ، پولیس نے ابتدائی طور پر نامعلوم شخص کی لاش کو حملہ آور کا ساتھی قرار دیا تھا۔
تاحال اس چالیس سالہ شخص کا کوئی وارث سامنے آیا ہے اور نہ ہی پولیس کو ہلاک ہونیوالے شخص کا حملہ آور کے ساتھی ہونے سے متعلق ثبوت مل سکا ہے۔ تفتیش کاروں کیلئے یہ چیز معمہ بنی ہوئی ہے کہ خودکش حملے کے وقت حملہ آور کا ساتھی اس کے قریب کیوں موجود تھا۔