آواران (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع آواران میں 7 روز بعد بھی متاثرین بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔بند راستے کھولے نہ جانے کے سبب، ملک بھر سے پہنچنے والی امداد پر دھول جم رہی ہے۔سخت موسم اور آلودہ پانی سے لوگ بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں ہرطرف تباہی کے مناظر نظر آتے ہیں۔ متاثرین کی امداد کے بلندو بانگ حکومتی دعوے اپنی جگہ مگر تباہ شدہ علاقے میں متاثرین کی مشکلات جوں کی توں ہیں۔
لاکھوں متاثرین کے لیے امداد کے نام پر چند ہزار امدای پیکٹس ہی پہنچائے گئے ہیں۔ نجی فلاحی تنظیمیں محدود پیمانے پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ بند راستے کھولنے اور ملبہ صاف کرنے کے لیے اب تک متاثرہ علاقوں میں مشینری بھی نہیں پہنچی ہے۔ متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت ہی ملبہ اٹھانے میں مصروف ہیں اور منتظر ہیں کب ان کے زخموں پر مرہم رکھا جائیگا۔