سوات (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو عوام کو بتاؤں گا کہ ظلم کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔
سوات کے علاقے مٹہ میں مائیکرو ہائیڈل یونٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے ملک کو بڑی قربانیوں کے بعد فرنگیوں سے آزاد کرایا لیکن ہم سے آزادی چھین لی گئی، 14 اگست کو ملک کو حقیقی معنوں میں آزادی کروائیں گے، بادشاہت کا خاتمہ کر کے ملک میں جمہوریت لائیں گے جہاں امیر اور غریب کے لئے ایک جیسا قانون ہوگا اور جہاں پر ہر کسی کے ساتھ انصاف کیاجائے گا۔ 14 اگست کو عوام کو بتاؤں گا کہ ظلم کے سامنے کیسے کھڑا ہوا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت علی کا قول ہے کہ کبھی بھی تاجر کو اپنا سربراہ مت بناؤ کیونکہ وہ تجارت کرے گا یا پھر عوام کی خدمت۔ نواز شریف جب ہندوستان کے دورے پر گئے تو اپنے بیٹے کو بھی ساتھ لے گئے جہاں انھوں نے بھارت میں لوہے کے ایک بڑے تاجر سے اپنے بیٹے کی ملاقات کرائی، کل پریس کانفرنس میں بتاؤں گا کہ ملک کی معیشت کس طرح نیچے کی جانب جا رہی ہے اور شریف خاندان کے اثاثے اوپر کی جانب جا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں سب سے سستی بجلی پیدا کی جارہی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ سستی بجلی بنانے والوں کو بجلی یا تو مل ہی نہیں رہی یا پھر مہنگے داموں دی جا رہی ہے۔ نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بادشاہ سلامت اور ان کے بھائی پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لئے بیرون ملک دورے کر رہے ہیں جس سے 18 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہو گی اور تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی سانس کی بیماری کا باعث بنتی ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت پانی سے بجلی کے جو منصوبے بنا رہی ہے وہ صحت کے لئے نقصان دہ نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں 18 ماہ میں 356 مائیکرو ہائیڈل یونٹس لگائے جائیں گے جس سے 2 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی حاصل کی جا سکے گی اور عوام کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی، ان علاقوں میں بجلی پہنچائی جائے گی جہاں لوگوں نے کبھی بجلی دیکھی ہی نہیں ہے اور وہ آج بھی لال ٹین اور لکڑیوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ کالام میں ہم نے چند ماہ قبل مائیکرو ہائیڈل یونٹ کا افتتاح کیا تو اس وقت ایک ہوٹل کا بجلی کا خرچہ ایک لاکھ روپے تھا لیکن آج وہ خرچہ صرف 9 ہزار روپے ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ ٹمبر مافیا اربوں روپے کی لکڑی چوری کرتا ہے، آئندہ 2،3 روز میں ٹمبر مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی، ان سے چورہ شدہ لکڑی قبضے میں لے کر دوبارہ درخت لگائے جائیں گے اور اس لکڑی سے خیبر پختون خوا کی عوام کی خدمت کی جائے گی، جب لوگوں کو سستی بجلی ملے گی تو کسی کو جنگلات کاٹنے کی اجازت نہیں ہو گی اور آئندہ 4 سالوں میں خیبر پختون خوا میں ایک ارب درخت لگائے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے فخر ہے آج خیبر پختون خوا کی پولیس پورے پاکستان کے لئے ایک رول ماڈل ہے، ہماری حکومت کی جانب سے پولیس کے معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جاتی اور نہ ہی ہمارے صوبے کی پولیس ماڈل ٹاؤن جیسے کارنامے انجام دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پورے صوبے میں اسپتالوں کا نظام بہتر کر رہے ہیں اور اسکول کا نیٹ ورک بھی پھیلا رہے ہیں، ہم خیبر پختون خوا کو اس قدر ترقی یافتہ بنا دیں گے کہ اس صوبے کی عوام کو روز گار کے لئے باہر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔