اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتیں 32 پیسے فی یونٹ کم کر دی ہیں،اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق کراچی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پر نہیں ہو گا۔ کے ای ایس سی نے نیپرا سے اس مد میں بجلی 4 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کر دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کو اکتوبر کے بجلی بلوں میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف فراہم کریں۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کے خلاف پشاور ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین پر اس کمی کا طلاق نہیں ہو گا۔
اس کے علاوہ نجی کمپنی ہونے کے باعث کے ای ایس سی کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کا حساب یکم اکتوبر کو کیا جائے گا۔ کے ای ایس سی نے اس مد میں نیپرا سے 4 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔