اوکلاہوما (جیوڈیسک) امریکی ریاست اوکلاہوما میں بگولے نے تباہی مچا دی، معاملات زندگی معطل اور کئی گھر ملیا میٹ ہو گئے، ادھر جرمنی کے شمالی علاقے میں بھی طوفانی بگولے سے ایک شخص ہلاک اور درجنوں گھر تہس نہس ہوگئے۔
ریاست اوکلاہوما کے دارالحکومت اوکلاہوما سٹی اور نارمن شہر میں طوفان سے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، بگولے کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند کردی گئیں تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
برج کریک کے قریب بننے والا بگولہ تقریباً ایک میل پھیلاؤ میں ہے ، دوسری جانب جرمنی کے شمالی شہر ہمبرگ میں بگولے نے شدید تباہی مچائی ، درجنوں گھر تباہ ہوگئے جبکہ بجلی کے کھمبے گرنے سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی ، طوفان کے باعث ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں محکمہ موسمیات نے جرمنی کے دیگر کئی شہروں میں طوفان کی پیشگوئی کی ہے۔